امریکا میں سوشل میڈیا پر مشہور نوجوان نے انسانی ہڈیوں کی فروخت کا کاروبار شروع کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 24 سالہ جون فیری ایک سوشل میڈیا اسٹار ہیں، وہ انسانی ہڈیوں کو فروخت کرتے ہیں اور ان کے پاس 6 لاکھ ڈالر مالیت کی ہڈیوں کا ذخیرہ موجود ہے۔
انسانی ہڈیوں میں جونز کی دلچسپی کا آغاز 13 سال کی عمر میں اس وقت ہوا جب ان کے والد نے انہیں چوہے کا ایک ڈھانچہ دیا، جون اس سے خوف زدہ ہونے کے بجائے اس کی ہڈیوں میں دلچسپی لینے لگے۔
جون نے جون بونز کےنام سے ایک کمپنی بھی قائم کی ہے جہاں وہ انسانی ہڈیاں فروخت کرتے ہیں جب کہ جون بونز کمپنی کے 50 لاکھ سے زائد فالورز ہیں، وہ سوشل میڈیا پر بھی ان ہڈیوں کی نمائش کرتے ہیں جہاں ان کے فالوورز کی تعداد لاکھوں میں ہے۔
جون کے مطابق وہ ہڈیوں کو اس لیے جمع اور فروخت کرتے ہیں تاکہ وہ لوگوں کو ہڈیوں کے پیچھے کی سائنس کے بارے میں آگاہ کرسکیں۔
ان کا کہنا ہےکہ تمام لوگوں کو اس بارے میں آگاہی حاصل کرنے کے لیے عجائب گھر یا انسانی ڈھانچوں تک رسائی حاصل نہیں ہوتی مگر جون بونز کمپنی ان کے لیے یہ مواقع فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکا کی چند ایک ریاستوں کے علاوہ وہاں انسانی ہڈیوں کو فروخت کرنے کی قانونی طور پر اجازت ہے اور جون کے مطابق یہ ان لوگوں کی باقیات ہیں جنہوں نے خود اپنے جسم میڈیکل سائنس کے لیے عطیہ کیے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے سب سے بڑے خریدار اسکول اور یونیورسٹیاں ہیں جب کہ سرچ اور ریسکیو ممبران بھی ان کے خریداروں میں شامل ہیں، ان کی کمپنی عام لوگوں کوانسانی ہڈیاں فروخت نہیں کرتی۔