اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق سمیت 8 ججز کو مشکوک خطوط موصول ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک جج کے اسٹاف نے خط کھولا تو اس کے اندر پاؤڈر موجود تھا۔ اسلام آباد پولیس کے ایکسپرٹس کی ٹیم اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئی جبکہ ماہرین کی ٹیم تحقیقات میں مشغول ہے کہ پاؤڈر کیا ہے؟
عدالتی ذرائع نے کہا کہ خط کے اندر ڈرانے دھمکانے والا نشان بھی موجود ہے، ریشم نامی خاتون نے بغیر اپنا ایڈریس لکھے ججزکوخطوط بھیجے۔
عدالتی ذرائع نے بتایاکہ اسٹاف نے خط کھولا تو اس کے اندر سفوف تھا اور خط کھولنے کے بعد آنکھوں میں جلن شروع ہو گئی۔
عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ اہلکار نے فوری طور پر سینیٹائزر استعمال کیا اور منہ ہاتھ دھویا، خط میں موجود متن پر لفظ anthrax لکھا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی پولیس کوطلب کرلیا۔
خیال رہے کہ مشکوک خط ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز نے چند روز قبل سپریم جوڈیشل کونسل کو ایک خط میں عدالتی معاملات میں دخل اندازی کا معاملہ اٹھایا تھا۔
اور اس معاملے پر سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا ہے۔