بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کو زہر دینے کی تصدیق نہیں ہوئی۔
گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم یوسف نے کہا کہ بشریٰ بی بی سے آج صبح ملاقات ہوئی اور ان کا معائنہ کیا، بشریٰ بی بی کو زہر دیے جانے کے اس وقت کوئی شواہد نہیں ہیں، بشریٰ بی بی کو زہر دینے سے متعلق کوئی ٹیسٹ نہیں کر رہے۔
بشریٰ بی بی کے ذاتی معالج نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کی طبیعت 2 ماہ پہلےکھانےکے بعد خراب ہوئی تھی، انہیں کھانا کھانے، نگلنے اور ہضم کرنےمیں تکلیف ہوئی، بشریٰ بی بی کو فکر تھی کہ کھانے میں مرچیں تھیں۔
ڈاکٹر عاصم کے مطابق اس وقت بشریٰ بی بی کو ایسے کسی مسئلے کی تصدیق نہیں ہوئی، بہتر ہو گا کہ چیک کیا جائے کہ کوئی سنجیدہ مسئلہ تو نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک بشریٰ بی بی کی طبیعت بہتر نہیں ہے، اب وہ کم کھا رہی ہیں، پہلے دو ماہ جو تکلیف ہوئی، اُس وقت علم نہیں کہ کیا ہوا تھا۔
ڈاکٹرعاصم یوسف نے کہا کہ صحت کے حوالے سے عمرکو دیکھتے ہوئے ٹیسٹ ہونے چاہئیں، صحت کے مسائل کی درست تصدیق کے لیے معدے کا معائنہ ہونا چاہیے۔
دوسری جانب اسلام آبادہائیکورٹ کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم یوسف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اب بہتر ہے، بانی پی ٹی آئی کوکچھ عرصہ پہلے طبیعت کی ناسازی پرکھانے پینے میں مشکل تھی اور بانی پی ٹی آئی کو بھوک لگنا بندہوگئی تھی۔
ڈاکٹر عاصم یوسف نے بتایا کہ اب بانی پی ٹی آئی کی صحت بہتر ہےلیکن انہیں بھوک معمول کے مطابق نہیں لگتی۔