کاکول میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے فٹنس کیمپ میں کھلاڑیوں کے درمیان رسہ کشی کا مقابلہ ہوا جس میں وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان خاص توجہ کا مرکز رہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم فٹنس کیمپ کاکول میں جاری ہے جہاں کھلاڑی دو سیشنز میں فٹنس کو بہتر بنانے کےلیے ڈرلز میں حصہ لے رہے ہیں، کیمپ میں قومی کرکٹرز کے درمیان ٹگ آف وار (رسہ کشی) کا مقابلہ ہوا۔
اس مقابلے کی ویڈیو شاداب خان نے سوشل میڈیا پر شیئر کی جو وائرل ہو گئی۔
اس کے علاوہ دیگر اکاؤنٹس سے بھی اس مقابلے کی دلچسپ ویڈیو شیئر کی گئی، اعظم خان کپتان بابر اعظم کی ٹیم میں شامل تھے، اس ٹیم میں عثمان خان، آصف آفریدی ، محمد نواز اور سلمان علی آغا بھی تھے۔
اعظم خان نے رسے کو اپنے پیٹ پر باندھا اور خوب زور لگایا، ویڈیو کے کیپشن میں شاداب خان نے اعظم کی انرجی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کنگ آف اسٹرینتھ، اسی لیے تو بڑے چھکے مارتا ہے۔
واضح رہے کہ ذرائع کے مطابق کاکول کیمپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کا 7 اپریل کو آخری روز ہوگا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا کاکول کیمپ 8 اپریل سے قبل ختم کردیا جائے گا۔
7 اپریل کی دوپہر کھلاڑی ایبٹ آباد سے راولپنڈی روانہ ہوں گے جہاں وہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ساتھ افطار کریں گے جب کہ 7 اپریل کی رات ہی کھلاڑی اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوں گے۔