وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کو بیان بازی میں محتاط رہنے کا مشورہ دے دیا۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ راج ناتھ الیکشن مہم کی وجہ سے بڑھکیں مار رہے ہیں مگر الیکشن کے چکر میں بھارت ایسی حرکت نہ کر بیٹھے جس کا اسے خمیازہ بھگتنا پڑے۔
خواجہ آصف نے بھارت کو بیان بازی میں محتاط رہنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ چند سال قبل بھارت نے پاکستان میں گھس کر کارروائی کی تو انجام کیا ہوا؟ ہم نے بھارت کا جہاز گرایا تھا اور پائلٹ کو پکڑ کر خیرات میں واپس کیا تھا، اگر دوبارہ ایسی کوشش کی تو وہی جواب دیں گے جو پہلے دیا تھا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت ہمسایہ ممالک کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردوں کی سرپرستی کرتا ہے ، بھارت میں اتنی جرات نہیں کہ براہ راست حملہ کرے۔
بھارتی بیان پر پاکستان کا سخت ردعمل
یاد رہے کہ چند روز قبل ایک برطانوی جریدے نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی نے 2020 سے اب تک پاکستان میں 20 شہریوں کو قتل کیا۔
برطانوی اخبار گارڈین کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران کہا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پاکستانی شہریوں کے قتل کے حوالے سے یہی پالیسی ہے۔
راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا بھارت ہر پاکستان میں ہر اس پاکستانی کو قتل کرے گا جو ہمارے ملک میں کسی بھی قسم کی دہشگردانہ کارروائی کی کوشش کرے گا۔
پاکستان نے بھارت کی پاکستانی شہریوں کو قتل کرانے کی سازش بے نقاب ہونے اور بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے مزید پاکستانیوں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کرنے کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔