بھارتی کرکٹ بورڈ( بی سی سی آئی) نے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ کرلیا ہے۔
ویرات کوہلی کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے سوال اٹھائے جارہے تھے اور ان کے اسٹرائیک ریٹ پر تنقید بھی کی جارہی تھی۔
گزشتہ دنوں انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں راجستھان رائلز کے خلاف میچ میں سست ترین سنچری اسکور کرنے پر ویرات کوہلی تنقید کی زد میں آگئے تھے۔
علاوہ ازیں بھارتی کرکٹ بورڈ کے حوالے سے بھی خبریں آرہی تھیں کہ ویرات کوہلی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے بھارتی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا جارہا۔
تاہم اب بھارتی کرکٹ بورڈ نے ویرات کوہلی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اسکواڈ میں شامل کرنے کے حوالے سے فیصلہ کرلیا ہے۔
بھارتی اخبار Dainik Jagran کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ میں ویرات کوہلی کو شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کوہلی ورلڈ کپ کے حوالے سے سلیکشن کمیٹی سے وضاحت چاہتے تھے اور اب کپتان روہت شرما، ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ اور چیف سلیکٹر اجیت اگرکر کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ کوہلی میگا ایونٹ میں شرکت بھی کریں اور روہت شرما کے ساتھ اوپننگ کریں گے۔
ویرات کوہلی نے اپنے کیریئر میں زیادہ تر تیسرے نمبر پر بیٹنگ کی ہے لیکن ان کا اوپنر کے طور پر بھی بہت اچھا ریکارڈ ہے۔
کوہلی نے 9 انٹرنیشنل میچز میں 57 کی اوسط سے 400 رنز بنائے ہیں اور وہ آئی پی ایل میں بھی روائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے اوپننگ ہی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں مشترکہ طور پر کھیلا جائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ٹیمیوں کی جانب سےحتمی اسکواڈ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔