کبھی تاخیر کا شکار نہ ہونے کے لیے مشہور جاپان کی بلٹ ٹرین ایک سانپ کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق منگل کی شام ایک مسافر نے سکیورٹی اہلکاروں کو ناگویا سے ٹوکیو جانے والی شنکینسن ٹرین میں 16 انچ لمبے سانپ کی موجودگی کے حوالے سے خبردار کیا جس کے باعث کبھی تاخیر کا شکار نہ ہونے والی ٹرین کو 17 منٹ تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
سینٹرل جاپان ریلوے کمپنی کے ترجمان کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ آیا ٹرین سے ملنے والا سانپ زہریلا ہے یا نہیں اور یہ کہ سانپ ٹرین میں کیسے آیا؟
شنکینسن ٹرین میں سفر کرنے والے مسافر اپنے ساتھ چھوٹے کتے، بلیاں اور دیگر جانور بشمول کبوتر لاسکتے ہیں تاہم ٹرین میں سانپ لانے کی ممانعت ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے یہ سمجھنا مشکل ہے کہ سانپ ٹرین میں کیسے آیا؟ شنکینسن ٹرین میں سانپ لانے پر پابندی ہے تاہم ہم مسافروں کے سامان کی تلاشی نہیں لیتے۔
اس ٹرین نے اوساکا جاناتھا تاہم ٹرین سے سانپ ملنے کے بعد کمپنی نے اس سفر کے لیے دوسری ٹرین استعمال کرنے کا فیصلہ کیا جس کے باعث 17 منٹ کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
خیال رہے کہ 2016 میں بھی شنکینسن ٹرین میں سانپ نظر آنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کی وجہ سے ٹرین کو روکنا پڑا تھا۔
شنکینسن ٹرین وقت کی پابندی کے ساتھ ساتھ اپنی تیز ترین رفتار کے لیے بھی جانی جاتی ہے جو 320 کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔