پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے رجیم چینج میں سعودی عرب کی مداخلت سے متعلق بیان پر وضاحت جاری کردی۔
گزشتہ روز نجی ٹی وی کے پروگرام میں شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب بھی ملوث تھا، سعودی عرب اور امریکا کے تعاون سے رجیم چینج آپریشن ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جتنی بھی سرمایہ کاری آ رہی ہے وہ اسی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔
تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے اظہار لاتعلقی کے بعد شیر افضل مروت نے بھی اپنے بیان کی وضاحت جاری کردی۔
انہوں نے کہا کہ لائیو شو میں میرا بیان میرے ذاتی خیالات پرمبنی تھا۔ ان کا کہنا تھاکہ انٹرویو میں دعویٰ نہیں کیاکہ اس مؤقف کو پی ٹی آئی کی حمایت حاصل ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی سعودی وزیر خارجہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے سعودی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔