خیبرپختونخوا میں کسٹم اہلکاروں پردہشت گرد حملوں کے بعد پولیس حکام نے کسٹم اہلکاروں کی رات گئے ناکا بندیاں محدود کرنے کی سفارش کر دی۔
ڈیرہ اسمعٰیل خان پولیس نے کسٹمز اہلکاروں کو نقل و حرکت محدود کرنے کا مشورہ دے دیا اور ڈی پی او نے اس حوالے سے کلکٹر کو خط لکھ دیا ہے۔
خط میں مشورہ دیا گیا ہے کہ کسٹمز کا فیلڈ اسٹاف روز گشت نہ کرے، روٹین چیکنگ پولیس چیک پوسٹ کے قریب کیا کرے جبکہ ایمرجنسی صورتحال پر پولیس سے مدد لے لیا کریں۔
پولیس حکام کے مطابق کسٹم پولیس نے موٹروےاوررنگ روڈ سمیت دیگر مقامات پر ناکا بندیاں قائم کی ہیں۔
پولیس حکام نے مشورہ دیا ہے کہ کسٹم اہلکارکوشش کریں کہ انٹلیجنس بیس ناکا بندیوں پرآپریشنز جاری رکھیں۔ا س کے علاوہ پولیس نے کسٹم اہلکاروں کو ناکا بندیوں کے لیے ایس او پیز پرنظر ثانی کی بھی ایڈوائس کی۔
خط پر ردعمل میں کلکٹر کسٹمز کرم الہٰی نے بتایا کہ کسٹم اہلکاروں پر حملہ دہشت گردی کا واقعہ ہے۔ احتیاط چاہے جتنی کی جائے، دہشت گردی کے واقعات پھر بھی ہوتے ہیں۔ خود پولیس و دیگر اداروں کو بھی ان واقعات کا سامنا رہتا ہے۔ مزید قوت اور بہتر حکمت عملی سے اسمگلنگ کی لعنت کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دو حملوں میں 8 کسٹم اہلکار شہید ہوئے ہیں۔