کراچی میں جنریٹر کی دکان میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ سندھ مدرستہ الاسلام کے قریب جنریٹر کی دکان میں سلنڈر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر امدادی کام شروع کیا۔
دوسری جانب کراچی میں شاہراہ فیصل نرسری کے قریب چلتی گاڑی میں آگ لگ گئی، گاڑی میں سوار افراد خوش قسمتی سے محفوظ رہے، علاقہ مکینوں نے ریسکیو ٹیم کے ساتھ مل کر آگ پر قابو پا لیا۔