لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کو بحفاظت گھرنہ پہنچانے اورگرفتارکرنے پر توہین عدالت کیس میں آئی جی اسلام آباد کو پیشی کیلئے حتمی مہلت دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے قیصرہ الٰہی کی درخواست پر سماعت کی جس میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے پولیس افسران کو پرویز الٰہی کوبحفاظت گھرپہنچانےکی ہدایت کی تھی مگر پولیس افسران ان کو بحفاظت گھر پہنچانے میں ناکام رہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ اسلام آباد پولیس نے پرویز الٰہی کو گرفتار کرکے عدالت کی توہین کی لہٰذا عدالت ذمہ دار پولیس افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔
دوران سماعت لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد کو پیشی کے لیے حتمی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہائیکورٹ کا حکم تھا کہ پرویز الٰہی کو گرفتار نہ کیا جائے، کیا آئی جی خود کو عدالت سے بھی طاقتور سمجھتا ہے؟
اس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ اب آئی جی اسلام آباد تبدیل ہو چکے ہیں، عدالت نے کہا کہ وہ تبدیل ہو چکے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اس کیس سے بری الزمہ ہوگئے، آئی جی اسلام آباد اس معاملے کو ایزی لے رہے ہیں،انہیں اس کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔