نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر انتقال کرگئیں

لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر لندن میں انتقال کر گئیں۔

لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں، رہنما (ن) لیگ عطاء اللہ تارڑ نے نواز شریف کی والدہ کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں قید شہباز شریف کو ان کی والدہ کے انتقال کی خبر پہنچائی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ نواز شریف کی والدہ شدید علالت کے باوجود فروری میں لندن روانہ ہوئی تھیں، ڈاکٹروں نے انہیں لمبے سفر سے منع کیا تھا لیکن انہوں نے اپنے بیٹے کے پاس جانے کا کہا۔ نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی عمر تقریبا 90 سال تھی جب کہ ان کے خاوند میاں محمد شریف کا 2004 میں جدہ میں انتقال ہوا تھا

مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی میت لندن سے پاکستان واپسی کے لیے ان کے اہل خانہ مختلف ائیر لائنز  سے رابطے میں ہیں ۔نواز شریف شہباز شریف کی پے رول پر رہائی کا انتظار کررہے ہیں تاکہ والدہ کی تدفین کے حوالے ان سے مشاورت کرسکیں۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی والدہ کی میت فلائٹ ملتے ہی لاہور پاکستان روانہ کردی جائے گی۔ ان کی میت آنے میں 24 گھنٹے سے زائد لگ سکتے ہیں۔امکان ہے کہ ان کی میت کے ہمراہ نواز شریف کی صاحبزادی اسماء نواز پاکستان آئیں۔

نواز شریف کی والدہ کی تدفین اور تعزیت کے حوالے سے انتظامات جاتی امراء میں کیے جارہے ہیں۔نواز شریف کی والدہ کی تدفین کا حتمی فیصلہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پے رول پر رہائی کے بعد ہوگا تاہم ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق دونوں کی پیرول پر رہائی کے لیے ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

مسلم لیگ نے کی سیاسی سرگرمیاں معطل 

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے اعلان کیا ہے کہ میاں نواز شریف کی والدہ کی وفات کے بعد پارٹی کی تمام سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔
انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ’’ آپ کی جدائی بڑا غم ہے۔ آپی جی کی تدفین تک پارٹی کی تمام سرگرمیاں ملتوی کر دی گئی ہیں۔اللہ کریم شریف خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔‘‘

نواز اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر صدرمملکت اور وزیر اعظم نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ میاں نواز اور میاں شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر  میری تعزیت اور دعائیں شریف خاندان کے ساتھ ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر میاں محمد نوازشریف، میاں شہباز شریف اور ان کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دعاگو ہوں، اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

بیگم شمیم اختر کے انتقال پر گورنر پنجاب سمیت سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی اور مونس الہٰی نے دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔ وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی جانب سے بھی نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ شمیم اختر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا گیا۔