سونے کی قیمت میں 700 روپے کا اضافہ، ڈالر سستا ہوگیا

ملک میں سونے کی قدر میں 700 روپے فی تولہ کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 12 ہزار 500 روپے ہوگئی۔

سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 700 روپے بڑھی ہے جبکہ دس گرام سونے کی قدر 600 روپے اضافے سے 96450روپے ہوگئی ہے۔

عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قدر 6 ڈالر اضافے سے 1906 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔

دوسری جانب ملک میں ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز بھی برقرار رہا۔

انٹر بینک تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر کی قدر18 پیسے کم ہوئی  اور کاروبارکے اختتام پر ڈالر کی قدر 164 روپے 32 پیسے رہی۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 30 پیسے کم ہو کر 164 روپے 50 پیسے ہوگئی ہے۔