پیرس اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کو سونے کا تمغہ جتوانے والے جیولین تھرور ارشد ندیم کا وطن واپسی پر ائیر پورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے بھی والہانہ استقبال کیا۔
قومی ہیرو ملک کا نام روشن کرکے گزشتہ رات لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچے جہاں وفاقی وزراء سمیت عوام کی بڑی تعداد نے اپنے ہیرو کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔
ارشد ندیم کو جہاں پھولوں کے ہار اور پتیاں نچھاور کی گئیں وہیں ائیر پورٹ سکیورٹی فورس کا عملہ بھی قومی ہیرو کو مبارک باد دینے میں پیچھے نہ رہا۔
اے ایس ایف اہلکاروں نے ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سلیوٹ پیش کیا جس کی ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ جیولین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا ہے، انہوں نے 92.97 میٹر تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔
ارشد ندیم پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔