جمعے کے روز وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران زخمی ہونے والے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 9 اگست کو وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہواجس میں 4 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران زخمی ہونے والے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک سی ایم ایچ پشاور میں زیر علاج رہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بہادر افسران اور جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
خیال رہے کہ جمعے کے روز آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ تیراہ میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان تین مختلف مقامات پرفائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 4 خوارج سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے باعث ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 3 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، شہید ہونے والوں میں حوالدار انعام گل، سپاہی محمد عمران اور سپاہی الطاف خان شامل تھے۔