لاہور: 26ویں آئینی ترمیم پر اہم پیشرفت ہوئی ہے اورپیپلزپارٹی، ن لیگ اور جے یو آئی کےدرمیان آج مشترکہ مسودے پر اتفاق رائے کا امکان ہے۔سابق وزیراعظم مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں آج تینوں پارٹیوں کے سربراہان شریک ہوں گے، جاتی امرا میں میاں نواز شریف کی رہائش گاہ پر صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلال بھٹو زرداری کچھ دیر میں پہنچیں گے، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن بھی عشائیے میں شریک ہوں گے۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے وفد میں سید نوید قمر اور مرتضی وہاب بھی شامل ہوں گے، واضح رہے کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے درمیان آئینی مسودے پر اتفاق رائے ہو چکا ہے،آج کی ملاقات میں مسلم لیگ ن سے دونوں پارٹیوں کے مسودے پر مشاورت ہو گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ امکان ہے کہ تینوں جماعتوں کا مشترکہ مسودے پر اتفاق ہو جائے گا، جس کے بعد 26 ویں آئینی ترمیم کے مشترکہ مسودے کو 18 اکتوبر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔جاتی امرا میں ہونے والے اجلاس میں میاں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور ن لیگ کے سینیئر رہنما شریک ہوں گے جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے وفد کی قیادت مولانا فضل الرحمن کریں گے، جے یو آئی کے وفد میں اسعد محمود، مرتضی کامران ایڈووکیٹ، اسلم غوری اور دیگر رہنما شریک ہوں گے۔
Keep Reading
Add A Comment