ایران کے سالانہ فوجی دن کے موقع پر تہران میں بڑی فوجی پریڈ ہوئی جس میں جدید ڈرونز اور میزا ئلوں کی نمائش بھی کی گئی۔
سالانہ فوجی پریڈ سے خطاب میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف حملے سے ایرانی فوج کی قوت کا مظاہرہ ہوا، ایرانی حملے نے اسرائیل کے مضبوط سمجھے جانے والے تسلط کو توڑ دیا، صیہونی حکومت کے ایران کے علاقائی اور قومی مفاد کو نقصان پہنچانے کے اقدام کا شدید ردعمل دیا جائے گا۔
ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ حماس اور ایران کے حملوں نے صیہونی حکومت کے ناقابل تسخیر حصار کو چکنا چور کردیا۔
انہوں نے کہا کہ7 اکتوبر اور 13 اپریل کے حملوں نے ثابت کردیا کہ صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کی طاقت مکڑی کے جالے کے مترادف ہے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایرانی مسلح افواج امن و سلامتی کی ضامن اور خطے اور مسلم امہ کے لیے باعث فخر ہے، اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کی کوشش کرنے والے مسلم ممالک کو ناکامی اور شرمندگی کا سامنا ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اور امریکا کے خلاف عوامی رائے میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے، اسرائیل، امریکا کی عالمی مخالفت میں اضافہ اسلامی مزاحمتی تحریک کی کامیابی ہے،خطے کے ممالک اسرائیل سے تعلقات کے بجائے اپنے اثاثوں،مسلم امہ کی طاقت اور طاقت ور ایرانی فوج پر انحصار کریں۔