نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
اسحاق ڈار کی تعیناتی کے خلاف درخواست طارق منصور ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے 28 اپریل کو وفاقی وزیر فارن افیئرز اسحاق ڈار کو نائب وزیر اعظم بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا ،پاکستان کے آئین میں کہیں نائب وزیر کے عہدے کا ذکر نہیں ہے، فیڈرل گورنمنٹ کے رولز آف بزنس میں بھی نائب وزیر اعطم کا کوئی ذکر نہیں ہے ،وفاقی حکومت کی جانب سے 28 اپریل کا جاری نوٹیفکیشن غیر آئینی ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ نائب وزیر اعظم کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن غیر آئینی قرار دیا جائے ۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈارکی تعیناتی کا نوٹیفکیشن چیلنج کرنے کی درخواست کل سماعت کیے مقرر کی گئی ہے ، درخواست پر سماعت چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کرے گا۔
درخواست میں وفاقی کابینہ ،پرائم منسٹر سیکرٹریٹ ،پرنسپل سیکرٹری ایوان صدر،دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کابینہ ڈویژن کی جانب سے اسحاق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیر اعظم تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔