عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کیس میں خاور مانیکا کے وکیل نے کہا کہ خاور مانیکا بشریٰ بی بی کے ساتھ رجوع کرنا چاہتے تھے۔
سیشن کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کیس میں دائر اپیلوں پر سماعت ہوئی جس میں آج خاور مانیکا کے وکیل نے دلائل دیئے۔
خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خاورمانیکا بشریٰ بی بی کے ساتھ رجوع کرنا چاہتے تھے مگر رجوع سے پہلے ہی بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی نےعدت میں نکاح کرلیا۔
خاور مانیکا کے وکیل نے مزید کہا کہ فراڈ شادی جرم ہے، شادی کا اثر جہاں پڑا وہاں ماضی میں عدالتوں نے ٹرائل کیے، مخصوص عرصے میں ہی شادی کے خلاف شکایت دائرکرنے پرکوئی قانون نہیں۔
وکیل رضوان عباسی نے دلائل کے لیے مزید ایک گھنٹہ مانگا اور 15مئی کو اپنی عدم دستیابی سے عدالت کوآگاہ کیا۔
بعد ازاں عدالت نے عدت نکاح کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔