اسلام آباد کی عدالت نے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کے خلاف پاسپورٹ کا غلط استعمال کرنے پر درج مقدمے کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں ایف آئی اے نے انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔
دوران سماعت ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے تنویر الیاس کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ تنویر الیاس نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑنےکے بعد ڈپلومیٹک پاسپورٹ استعمال کیا اور انہوں نے اسی پاسپورٹ پر سعودی عرب کا وزٹ کیا، سردارتنویر الیاس کا پاسپورٹ منسوخ کیا گیا لیکن تاحال واپس نہیں کیا۔
اس پر وکیل صفائی نے کہا کہ سردار تنویر الیاس سابق وزیراعظم ہیں، ڈپلومیٹک پاسپورٹ استعمال کرسکتے ہیں، انہوں نے ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر صرف سعودی عرب کا دورہ کیا، ان کا پاسپورٹ ہم عدالت میں پیش کرتے ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے سردار تنویر الیاس کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔