ورلڈ مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) چیمپئن شپ میں پاکستانی فائٹر شاہزیب نے ایک اور کامیابی حاصل کرلی اور امریکی حریف کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں جاری ورلڈ ایم ایم اے چیمپئن شپ کے دوسرے راؤنڈ میں پاکستان کے شاہزیب کا مقابلہ امریکی فائٹر سیلیب اسپیئرز سے تھا۔

شاہزیب نے رِنگ میں امریکی فائٹر کی ایک نہ چلنے دی، پہلے ہی راؤنڈ میں زوردار پنچز اور ککس کی برسات کرتے ہوئے حریف کو دفاعی حکمت عملی پر مجبور کردیا۔ 

دوسرا راؤنڈ بھی شاہزیب کے نام رہا جبکہ تیسرے راؤنڈ میں امریکی فائٹر شاہزیب کے داؤ کے آگے بے بس ہو کر شکست کھا گئے۔

اس جیت کے ساتھ شاہزیب نے سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا، جہاں ان کا مقابلہ جمہوریہ چیک کے فائٹر سے ہوگا۔

Leave A Reply

Exit mobile version