پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی سے اہلخانہ اور وکلاء نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقاتیوں میں پرویز الہٰی کی اہلیہ، بیٹا راسخ الہٰی اور 3 وکلاء شامل تھے۔

اہلخانہ اور وکلاء سے پرویز الہٰی کی ملاقات اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں کروائی گئی۔

پرویز الہٰی کے ذاتی معالج کو اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت مل گئی

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے ذاتی معالج ڈاکٹر نعمان نصیر کو اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت دی تھی۔

چوہدری پرویز الہٰی کی درخواست پر اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سماعت کے دوران ان کے وکیل عمیر شفیق نے کہا تھا کہ پرویز الہٰی دل کے مریض ہیں اور گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں طبیعت خراب ہوئی، وہ ذاتی معالج ڈاکٹر نعمان سے چیک اپ کروانے کے خواہاں ہیں۔

پرویز الہٰی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ہفتے کے روز ڈاکٹر نعمان نصیر کو پرویز الہٰی سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔

بعد ازاں اے ٹی سی کی جانب سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کو ڈاکٹر نعمان کی پرویز الہٰی سے ملاقات کے احکامات جاری کر دیے گئے تھے۔

Leave A Reply

Exit mobile version