190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل تحقیقات کے معاملے میں پیشرفت ہوئی ہے، سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے متعلق نیب ٹیم کے سامنے نیا انکشاف کیا ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے زبیدہ جلال کے بیان کو اپنی تفتیشی رپورٹ کا حصہ بنا لیا، جس میں کہا گیا کہ کابینہ ممبران نے 190ملین پاؤنڈز کی تحقیقات کروانے کی سفارش کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق زبیدہ جلال نے نیب ٹیم کو بتایا کہ انہوں نے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ زبیدہ جلال کا مؤقف تھا کہ 190 ملین پاؤنڈز پاکستان کا اثاثہ ہے واپس آنا چاہیے، بیشتر ارکان کابینہ کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈز واپس لینے کی بات کرنی چاہیے۔
نیب رپورٹ میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے کابینہ ممبران نیب تحقیقات میں شامل ہوئے اور اپنے اسی مؤقف کو دہرایا، اصرار کے باوجود بانی پی ٹی آئی نے بطور وزیراعظم کسی کی ایک نہ سنی، 190 ملین پاؤنڈز کا معاملہ کچھ کابینہ ارکان کے شدید تحفظات کے باوجود منظور کیا گیا۔
نیب کو دیے گئے اپنے بیان میں زبیدہ جلال کا کہنا تھا کہ اس سنجیدہ معاملے پر بغیر کسی بحث کے ایجنڈا منظور کر لیا گیا، 190 ملین پاؤنڈز معاملے کو خفیہ رکھنے کی منظوری دی گئی۔