وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کو کاروبار دوست ملک بنانا ہماری ترجیح ہے۔
بیجنگ میں پاک چائنا فرینڈ شپ اینڈ بزنس ریسیپشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاک چین دوستی ہر موقع پر ثابت ہوئی اور ہر آزمائش پر پورا اتری ہے، ایسی دوستی کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور پاکستان کو کاروباردوست ملک بنانا ہماری ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے چین کی ترقی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چین کی مختصر مدت میں تیز رفتار ترقی ہمارے لیے مشعل راہ ہے، پاکستان چین کے تجربات سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بشام میں چینی شہریوں پر حملہ پاکستان دشمن عناصر نے کیا اور یہ حملہ انہوں نے پلان کیا جو سی پیک اور پاک چین دوستی کے دشمن ہیں، سی پیک پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی فول پروف بنائی جائیگی۔