وزیر مملکت علی پرویز نے کہا ہےکہ کے الیکٹرک کے ان فیڈرز کا بتادیا جائے جن پر بجلی چوری ہوتی ہے تو پورے فیڈر سے لوڈشیڈنگ ختم کردینگے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں لوڈشیڈنگ پر جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت علی پرویز ملک نے کہا کہ کے الیکٹرک کے 1500 فیڈرز پر کوئی لوڈشیڈنگ نہیں، باقی فیڈرزپر نقصان کے مطابق 6 سے 10گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں لوڈشیڈنگ زیادہ ہے وہاں بلدیاتی نمائندگان سے بھی رابطے میں ہیں، ان ٹرانسفارمرز کا بتا دیا جائے جہاں چوری ہے توپورے فیڈر سے لوڈشیڈنگ ختم کردیں گے۔
اس حوالے سے پی پی رکن اسمبلی نبیل گبول نے کہا وزیر مملکت کو غلط بتایا گیا ہے کہ 6 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہے، میرے حلقے لیاری میں 16 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر صرف 10گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوئی تو میں استعفیٰ دے دوں گا اور اگر زیادہ کی لوڈ شیڈنگ ہوئی تو علی پرویز استعفیٰ دیں، وزرا کو محکمے جھوٹی بریفنگز دیتے ہیں، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کئی گنا زیادہ ہے۔