ساہیوال ٹیچنگ اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آگ لگنےسے 2 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ زخمی دو بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ریسکیو 1122کے مطابق ساہیوال ٹیچنگ اسپتال کےچلڈرن وارڈ میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔
ایم ایس ڈاکٹر اختر محبوب کا کہنا ہے کہ اسپتال کے اسٹاف اور سکیورٹی گارڈز نے 60 سے 70 بچوں کو وارڈ سے نکال کر ایمرجنسی میں منتقل کیا تاہم آگ لگنے اور دھوئیں سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 کی حالت تشویشناک ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ جاں بحق ہونے والے بچے پیدائشی طور پر بیمار تھے، بچوں کو ایمرجنسی میں منتقل کرنےکے دوران ایک سکیورٹی گارڈبھی زخمی ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ آتشزدگی سے چلڈرن وارڈ میں موجود تمام سامان جل گیا۔
جاں بحق بچوں کی شناخت اریبہ اور عباس کے نام سے ہوئی، بچی اریبہ نواحی گاؤں 91 سکس آر اور بچہ عباس گڑھ فتح شاہ کا رہنے والا تھا۔ دونوں بچوں کو نرسری وارڈ میں داخل کروایا گیا تھا۔
ریسکیو 1122کی 5گاڑیوں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔
دوسری جانب معاملے کی انکوائری کیلئے 5 رکنی انکوائری کمیٹی بنا دی گئی جس کے سربراہ ایم ایس ہوں گے۔
اُدھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لے لیا اور بچوں کی ہلاکت پر رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے مکمل تحقیقات کے ساتھ کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔