سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے عدت کیس کے فیصلے پر ردعمل میں کہا ہےکہ اس فیصلے کے بعد بھی عمران خان کی رہائی ممکن نہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ عدت کیس شرمناک تھا، ذاتی زندگی کو سیاست میں لائے مگر آج کی بریت کے باوجود عمران خان کی رہائی ابھی ممکن نہیں ہوگی کیونکہ ابھی بہت مراحل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل آئین اور قانون سے بالاتر ایک فیصلہ آیا، کل کے فیصلے سے پی ٹی آئی کی مشکلات بڑھی ہیں،چاہے کوئی کتنا ہی آئین و قانون سے باہر جا کر رعایت دے دے، لاجک نہیں لاء جیتے گا، بہت سے مراحل اور کیسز باقی ہیں۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ایسے آئین اور قانون سے بالاتر رعایت دیتے رہیں گے تو آئین اور قانون کے اندر جتنے ادارے ہیں وہ آپ کے سامنے آکر کھڑے ہوں گے، سیاسی فیصلے عدالتی فیصلے بنیں گے تو مشکلات ہوں گی۔