صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو ہلال امتیاز عطا کرنے کی ہدایت کردی۔

صدر مملکت کی ہدایت پر ایوان صدر نے کابینہ ڈویژن کو باقاعدہ خط ارسال کر دیا، صدر مملکت ارشد ندیم کو سول ایوارڈ آئین کے آرٹیکل 259 (2) کے تحت عطا کریں گے، صدر آصف زرداری خصوصی تقریب میں ارشد ندیم کو سول ایوارڈ سے نوازیں گے۔

خط کے متن کے مطابق ارشد ندیم نے بہترین کارکردگی سے کھیلوں میں قوم کا سرفخر سے بلند کیا، ارشد ندیم کی عالمی سطح پر شاندار کامیابی قوم کیلئے فخر کا باعث بنی، ارشد ندیم نے ایتھلیٹکس کے میدان میں ملک کا نام روشن کیا۔

واضح رہے کہ جمعرات کو ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس 2024 میں تاریخ رقم کر دی، جیولین تھرو کے فائنل مقابلے میں92.97 میٹر کی متاثر کن تھرو پھینک کر نہ صرف پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت لیا بلکہ اولمپکس کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کر کے 118 سالہ تاریخ بھی بدل کر رکھ دی۔

پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے فائنل مقابلے میں ارشد ندیم نے پہلے راؤنڈ میں 92.97 میٹر تھرو پھینک کر نہ صرف ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا بلکہ 118 سالہ تاریخ بھی بدل کر رکھ دی انہوں نے فائنل کے دوسرے مرحلے کے آخری راؤنڈ میں 91.79 میٹر لمبی تھرو پھینک کر اپنی کامیابی پر مہر ثبت کر دی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اولمپکس میں سب سے لمبی تھرو پھینکنے کا ریکارڈ ناروے کے ڈاینڈریاس تھرکلڈسن کے پاس تھا، جو انہوں نے 2008 میں بیجنگ اولمپکس میں 90.57 میٹر لمبی تھرو پھینک کر قائم کیا تھا۔ جب کہ پاکستان کے ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس 2024 میں 91.79 اور 92.97 کی تھرو پھینک کر نیا اولمپکس ریکارڈ قائم کیا۔

Leave A Reply

Exit mobile version