سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق 20 اگست 2024 سے سیکورٹی فورسز دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کر رہی ہیں.
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا جس میں 12خوارج ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 20اگست سے اب تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 37 دہشت گرد ہلاک اور 14زخمی ہو چکے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں امن کی بحالی اور خوارج کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہیں گے اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز کے خیبر پختونخوا میں آپریشن کے ساتھ ساتھ بلوچستان میں بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
دو روز قبل سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں کامیاب آپریشن کے دوران 25 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ کارروائی کے دوران 11 زخمی ہو گئے تھے۔
اس سے قبل 25 اور 26 اگست کو سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 21 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ آپریشن کے دوران 14 سیکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوئے تھے۔