بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ڈائریکٹر خالد محمود نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، بی سی بی کے سی ای او نظام الدین چوہدری نے ان کے مستعفی ہونے کی تصدیق کردی۔
کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران جلال یونس اور نعیم الرحمن کے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ میں اپنے عہدوں سے مستعفی ہونے اور احمد سجاد العالم کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد یہ نئی پیش رفت ہوئی ہے۔
بنگلہ دیش کے سابق کپتان نے بی سی بی میں بطور ڈائریکٹر 11 سال خدمات انجام دینے کے بعد گزشتہ روز ایک ای میل کے ذریعے کرکٹ بورڈ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔
مستعفی ہونے سے پہلے خالد محمود بی سی بی کے گیم ڈویلپمنٹ کے چیئرمین اور کرکٹ آپریشنز کے وائس چیئرمین تھے، جب کہ گزشتہ 18 سالوں کے دوران انہوں نے نے بورڈ میں متعدد کردار ادا کیے ہیں۔
2006 میں بطور کھلاڑی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کے چند ماہ بعد ہی خالد محمود بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے منیجر بن گئے تھے، 3 سال بعد وہ جیمی سڈنز کے ماتحت اسسٹنٹ کوچ مقرر ہوئے اور پھر 2013 میں بورڈ کے ڈائریکٹر بن گئے۔
اس کے علاوہ وہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل ) اور ڈھاکہ پریمیئر لیگ (ڈی پی ایل) میں کوچنگ کے فرائض بھی انجام دیتے رہے۔
خالد محمود 2015 میں بنگلہ دیش کے مینیجر کے طور پر واپس آئے، جس کے بعد انہیں سلیکٹر کی ذمہ داری بھی دی گئی، 2017 میں چندیکا ہتھور سنگھے کے کام چھوڑنے کے بعد خالد محمود بنگلہ دیش کے ٹیکنیکل ڈائریکٹر بن گئے۔
انہیں 2019 میں سری لنکا میں ون ڈے سیریز کے لیے بنگلہ دیش کے عبوری کوچ مقرر کیا گیا، 2023 کے ورلڈکپ تک بنگلہ دیش کے ٹیم ڈائریکٹر کے طور پر کام جاری رکھا، جب انھوں نے پہلی بار اس کردار پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے دی جانے والی ذمہ داریوں میں انہیں متعدد کامیابیاں بھی حاصل ہوئیں، انہوں نے 2020 میں بنگلہ دیش انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا، اس وقت وہ گیم ڈویلپمنٹ کے سربراہ تھے۔
2016 میں ڈھاکہ ڈائنامائٹس کی کوچنگ کرتے ہوئے انہوں نے اپنی ٹیم کو بی پی ایل چیمپئن بنوایا، اور ابہانی لمیٹڈ کے ساتھ 2023-24 کے سیزن سمیت کئی ڈی پی ایل ٹائٹل جیتے۔
خالد محمود نے 12 ٹیسٹ اور 77 ون ڈے میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کی، 1999 کے ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش کی مشہور جیت میں پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔
انہوں نے 9 ٹیسٹ اور 15 ون ڈے میچوں میں بنگلہ دیش کی قیادت کی حالانکہ ان کی قیادت میں ٹیم ایک میچ بھی نہیں جیت سکی تاہم 2003 میں ملتان ٹیسٹ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے میں بنگلہ دیش کو ایک وکٹ سے شکست دی، جس میں خالد محمود کا کردار انتہائی اہم رہا، انہوں نے اس میچ میں 7 وکٹیں حاصل کیں۔