لاہور:پنجاب پولیس کے ترقیوں کے منتظر سب انسپکٹر کے لیے اچھی خبر، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 110 سب انسپکٹرز کوانسپکٹر کے عہدے پر ترقی دے دی۔
ترجمان پنجاب پولیس ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری کی زیر صدارت پروموشن بورڈ کا اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹII لیاقت علی ملک سمیت سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
ترجمان پولیس کے مطابق اجلاس میں میرٹ اور سنیارٹی پر پورا اترنے والے 110 سب انسپکٹرز کو انسپکٹرکے عہدے پر ترقی دی گئی، سب انسپکٹر سے انسپکٹرکے عہدہ پر ترقی پانے والوں میں لاہور کے 10، راولپنڈی کے 29، فیصل آباد کے 19، ساہیوال کے 18، سرگودھا کے 17، شیخوپورہ کے 07، گوجرانوالہ اور بہاولپور کے04 سب انسپکٹرز جبکہ گجرات اور ملتان کا 01 سب انسپکٹر شامل ہیں۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پروموٹ ہونے والے افسران لوگوں کو انصاف دیں، بہتر سروس ڈیلیوری فراہم کریں، اسی سال ہیڈ کانسٹیبلز و دیگر عہدوں پر مزید 1500 سے زائد ترقیاں دی جائیں گی۔