لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف آج لاہور میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تحریک انصاف کو کاہنہ مویشی منڈی میں جلسے کی مشروط اجازت دے دی گئی، ڈپٹی کمشنر نے جلسے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔اجازت ملنے کے بعد جلسہ گاہ میں پی ٹی آئی کی جانب سے تیاریاں شروع کردی گئیں،سٹیج لگنے اور جلسے کا میدان سجانے کا عمل جاری ہے، کرسیاں، قناتیں اور سٹیج کا سامان جلسہ گاہ میں لگنا شروع ہو گیا، مرکزی سٹیج کیلئے کنٹینر بھی جلسہ گاہ پہنچا دیا گیا۔ذرائع کے مطابق جلسہ گاہ کے اطراف میں انٹرنیٹ سگنل کو سست کردیا گیا ہے، جلسہ گاہ پر عوام ویڈیوز اور آڈیوز ڈان لوڈ کرنے سے محروم ہیں۔مقامی کارکنان نے بھی جلسہ گاہ کا رخ کر لیا، کارکنان پارٹی بینرز اور پوسٹرز اٹھائے جلسہ گاہ میں داخل ہونا شروع ہو گئے ہیں جبکہ جلسے میں شرکت کے لیے ملک کے مختلف شہروں سے بھی قافلے رواں دواں ہیں جبکہ خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی کا مرکزی قافلہ وزیر اعلی علی امین گنڈا پور کی قیادت میں لاہور پہنچے گا۔پی ٹی آئی کے جلسے کے پیش نظر اسلام آباد لاہور موٹروے کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، لاہور موٹروے ٹول پلازہ پر گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئیں، یوٹرن نہ ہونے کے باعث راوی روڈ سے گاڑیاں واپس موڑی جا رہی ہیں، خیبرپختونخوا سے آنے والے قافلوں کے لیے لاہور کے راستے مکمل طور پر بند ہیں۔ادھر ذرائع کے مطابق جہلم میں جی ٹی روڈ پر ٹول پلازہ کے قریب پولیس تعینات کر دی گئی، پی ٹی آئی کارکنان کی متوقع گرفتاری کیلیے پولیس تعینات کی گئی ہے۔دوسری جانب اٹک چھچھ انٹر چینج اور اٹک پل سے پولیس نے رکاٹیں ہٹا دیں، سڑک کے دونوں اطراف ٹریفک رواں دواں ہے، قبل ازیں لاہور جلسے میں آنے والے قافلوں کو روکنے کیلئے روڈ کے اطراف پر رکاٹیں لگائی گئی تھیں۔
Keep Reading
Add A Comment