کراچی: (ما نیٹر نگ ڈیسک )گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی ایرانی قونصلیٹ آمد ہوئی، قونصل جنرل حسن نوریان اور دیگر سفارتی عملہ نے خیر مقدم کیا۔
گورنر سندھ نے قونصل جنرل سے علامہ سید حسن نصر اللہ اور بریگیڈیئر جنرل نیلفروشان کی شہادت پر اظہار عقیدت کیا، کامران خان ٹیسوری نے قونصلیٹ میں رکھی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی تحریر کئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ اسرائیل غزہ، ایران اور لبنان میں جارحیت، ٹارگٹڈ آپریشن کر رہا ہے، عالمی برادری اسرائیل کو جارحیت سے روکے۔کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ نیتن یاہو فلسطین اور لبنان میں مظالم ڈھا رہا ہے، کوئی مذہب دہشتگردی، قتل و غارت گری کی اجازت نہیں دیتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دیگر ممالک کی طرح دنیا میں امن کا خواہاں ہے، امن کیلئے سب ملکوں کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔