اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کامیابی سے جاری ہے، ہم نے ثابت کیا ہم شنگھائی تعاون کانفرنس کی میزبانی کرنا جانتے ہیں۔
اسلام آباد میں ایس سی او کیلئے میڈیا فسیلی ٹیشن سینٹر کے افتتاح کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس ہونے جارہا ہے، یہ ہمارے لیے فخر اور اعزاز کی بات ہے، ہمارا خواب ہے جی 20 کا اجلاس بھی یہاں منعقد ہو، پاکستانی بہت میزبان لوگ ہیں۔انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں آنے والے صحافیوں کیلئے میڈیا سہولت سینٹرکا اجرا کیا گیا ہے، اپنی پوری ٹیم کو شاباش دوں گا، دنیا سے آنے والے صحافیوں کیلئے بین الاقوامی معیار کے انتظامات کیے ہیں، سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیا سینٹر بنایا ہے، باہر سے آنے والے اور لوکل صحافیوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ریڈ ٹیپ سے ریڈکارپٹ تک کا سفر طے کیا ہے،ملائیشیا کے وزیراعظم نے پاکستان کا کامیاب دورہ کیا، ہم دنیا کیلئے سینٹرل لوکیشن بن چکے ہیں، پالیسی ریٹ نیچے جانے سے سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، مہنگائی 32فیصد سے 6.9فیصد پر آگئی ہے، فارن ایکسچینج ریزرو بڑھ گئے ہیں، بلوم برگ نے پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کو ایمرجنگ مارکیٹ ڈکلیئر کیا ہے۔عطاتارڑ نے کہا کہ دنیا مان رہی ہے پاکستان سرمایہ کاری کیلئے محفوظ جگہ ہے، آج چین کے وزیراعظم 11سال بعد تشریف لائے ہیں، چین کی طرف سے ہمیشہ دوستی کا ہاتھ بڑھایا گیا، نوازشریف کے دور میں موٹرویز کا جال بچھایا گیا، چینی کمپنیز کو بہت فائدہ ہے اگر وہ یہاں سے دوسرے ممالک کو ایکسپورٹ کریں، ہم چینی انڈسٹریز کو پاکستان میں وسائل فراہم کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایس سی او کے اپنے پروٹوکول ہیں، پاک بھارت معاملہ ایس سی او پروٹوکولز کے مطابق ہے، ہم تمام آنے والوں مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، ہم نے ثابت کیا ہے کہ یہاں ایس سی او کی میزبانی کرنا جانتے ہیں، ہم نے دنیا کو ثابت کیا ہے کہ ہم مہمان نواز ہیں۔