لاہور:(ما نیٹرنگ ڈیسک )پنجاب حکومت نے طلبہ کیلئے 130 ارب روپے کے ہونہار سکالر شپ پروگرام کا آغاز کر دیا جس کی رجسٹریشن بھی شروع کر دی گئی۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر جامعات میں انفارمیشن ڈیسک قائم کر دیئے گئے، ہونہار سکالر شپ پروگرام کے تحت 68 مضامین کے طلبہ کو سکالر شپ دی جائے گی، ہر سال 30 ہزار طلبہ کو سکالر شپس ملیں گی، پنجاب بھر کی 50 پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے طلبہ سکالر شپ حاصل کر سکیں گے۔پروگرام کے مطابق انڈر گریجوایٹ ڈگری پروگرام کے لیے 4 سے 5 سال تک سکالر شپ مہیا کی جائے گی، طلبہ کی اہلیت کا تعین کرنے کے لئے میٹرک کے 30 فیصد اور انٹر میڈیٹ کے 70 فیصد نمبروں سے میرٹ بنے گا۔ہونہار سکالر شپ پروگرام کے تحت طلبہ کی مکمل ٹیوشن فیس ادا کی جائے گی، 22 سال سے کم عمر، 3 لاکھ سے کم آمدن رکھنے والے پنجاب کے شہری سکالر شپ کے لئے اپلائی کر سکیں گے، ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے طلبہ بھی سکالر شپ کے لئے اہل ہوں گے۔طلبہ honhaarscholarship.punjabhec.gov.pk پر سکالر شپ کیلئے اپلائی کر سکیں گے۔اس حوالے سے وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کاہر طالب علم میرا بیٹا اور ہر طالبہ میری بچی ہے، طلبہ کو ہائر ایجوکیشن کے لئے خالصتا میرٹ کی بنیاد پر سکالر شپس دی جائیں گی، ہونہار سکالر شپ پروگرام کا مقصد محدود وسائل کے ساتھ اچھے نمبرز حاصل کرنے والے طلبہ کو اعلی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
Keep Reading
Add A Comment