لاہور:محکمہ موسمیات نے اسموگ کا سامنا کرنے والے پنجاب کے شہریوں کو بارش کی نوید سنادی۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ کئی روز سے اسموگ اور فضائی آلودگی کے زیر اثر پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب کی جانب سے کم ہواؤں کے بادلوں کا سلسلہ آج شام کو پاکستان میں داخل ہوگا جس سے اپر پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ہلکی تاہم لاہور اور گردو نواح میں بارش کے امکانات کم ہیں۔ماہرین موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہونے والی بارش کے اثرات لاہور پر بھی آئیں گے جس سے اسموگ کی شدت میں کمی کے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند و بالاپہاڑوں پر ہلکی برفباری متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر علاقوں میں اسموگ جبکہ چند میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔موسمیاتی ماہرین کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم لاہور، قصور، اوکاڑہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، نارووال، گوجرانوالہ، سرگودھا، شیخوپورہ، ساہیوال، فیصل آباد، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور گرد و نواح میں اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔
اسی طرح شیخوپورہ، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، خانیوال، خانپور، جھنگ، بہاولپور، لیہ، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور گرد و نواح میں رات کے اوقات میں دھند جبکہ چند مقامات پر شدید دھند پڑنے کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران اٹک، مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، چکوال، گجرات، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور لاہور میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر بالائی اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، مہمند، خیبر، کرم، پشاور اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند و بالا پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

Leave A Reply

Exit mobile version