لاہور:(ما نیٹرنگ ڈیسک )لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو موٹر سائیکلوں کو پٹرول کی بجائے بیٹری پر منتقل کرنے کی ہدایت کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کی روک تھام کیلئے دائر درخواستوں پر گزشتہ سماعت کا آرڈر جاری کردیا۔عدالت عالیہ نے لاہور میں موٹر سائیکلوں کی سختی سے نگرانی کی ہدایت کر دی۔عدالتی حکم میں کہا گیا کہ پنجاب حکومت لاہور میں چھوٹی اور درمیانے درجے کی پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے پالیسی بنائے، ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت میں بیان دیا کہ الیکٹرک بسوں کے حوالے سے بجٹ مختص کر دیا گیا ہے، حکومت کی جانب سے الیکٹرک بسوں کی خریداری احسن اقدام ہے۔تحریری حکمنامہ میں کہا گیا کہ الیکٹرک بسوں سے ماحولیاتی آلودگی میں خاطر خواہ کمی ہوگی، ایڈووکیٹ جنرل کے مطابق حکومت پنجاب نے ایسے علاقوں کی نشاندھی کی ہے جہاں درخت لگائے جا سکتے ہیں، درخت لگانے کے لیے حکومت کو نئی زمین حاصل کرنے کی ضرورت نہیں۔عدالتی حکم میں مزید کہا گیا کہ حکومتی پلان کے مطابق جی ٹی روڈ، ملتان روڈ اور فیروزپور روڈ پر موجود انڈسٹری یونٹس کو انڈسٹریل اسٹیٹ میں منتقل کیا جائے گا، اگر سموگ پالسیی پر سنجیدگی سے عملدرآمد کیا جائے تو اس سے مثبت نتائج حاصل ہوں گے، عدالت کیس کی مزید سماعت 20 نومبر کو کرے گی۔

Leave A Reply

Exit mobile version