لاہور: (ما نیٹر نگ ڈیسک )چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی، بھارت کو تحفظات ہیں تو آگاہ کردے ہم دور کردیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم اپنے ہدف کوحاصل کریں گے، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی کرائیں گے، ہم نے آئی سی سی کو خط لکھا تھا جواب کا انتظار ہے، آئی سی سی کو اپنی ساکھ کے بارے خود سوچنا پڑے گا، آئی سی سی دنیائیکرکٹ کی واحد مضبوط باڈی ہے۔انہوں نے کہا اب بھی چیمپئنز ٹرافی کے بارے میں اچھے کی امید رکھتا ہوں، کھیل اور سیاست علیحدہ علیحدہ چیزیں ہیں، کسی بھی ملک کو سیاست کو درمیان میں نہیں لانا چاہیے، میرا نہیں خیال کہ کوئی بھی ہمیں ٹف ٹائم دے سکتا ہے، بھارت کے علاوہ تمام ٹیمیں پاکستان آنے کیلئے تیار ہیں، بھارت کو کوئی تشویش ہے تو ہم سے بات کرے ہم دور کریں گے۔چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ ہم چیمپئنز ٹرافی تک عاقب جاوید سے ہیڈ کوچ کے طور پر فرائض انجام دینے کی گزارش کی ہے، عاقب جاوید وقتی طور پر ہیڈ کوچ ہوں گے، ہم ہیڈ کوچ کیلئے اپنا پراسیس شروع کرنے جارہے ہیں، عاقب جاوید چیمپئنز ٹرافی تک وائٹ بال کرکٹ کیلئے ہیڈ کوچ ہوں گے۔