اسلام آباد:(ما نیٹر نگ ڈیسک )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بیلاروس کے صدر کا دورہ ملکی معیشت کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔
وفاقی دارالحکومت میں گفتگو کرتے ہوئیعطا تارڑ نے کہا کہ دوست ملک کے صدر کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، یہ بڑا تاریخی دورہ ہے، بیلاروس کے صدر کا دورہ بڑی اہمیت کا حامل ہے،پاکستانی عوام اور حکومت کی طرف سے الیگزینڈر لوکاشنکو کو خوش آمدید کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ مستقبل میں مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جائے گا، بیلاروس پاکستان کو بہت زیادہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، نواز شریف کے دور حکومت میں صدر الیگزینڈر لوکاشنکو کا دورہ بڑا سود مند رہا تھا۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی عوام اور حکومت کی طرف سے ان کو خوش آمدید کہتے ہیں، اس دورے سے پاکستان معیشت پر بڑے مثبت نتائج مرتب ہوں گے، آج سٹاک ایکسچینج ایک لاکھ کی تاریخی سطح کو عبور کر چکی ہے جو یہ ظاہر کرتی ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ملکی معیشت کے بہتر ہونے سے سرمایہ کاری اور ترقی میں اضافہ ہوگا، یہ سارے مثبت نتائج ہیں اور دوست ممالک کی طرف سے کئی ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی جس میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے لیے یہ دورہ سنگ میل ثابت ہوگا، لوگوں نے انتشار کی سیاست کو مسترد کیا ہے، عوام ترقی اور فلاح و بہبود کی سیاست کے ساتھ ہیں۔
Keep Reading
Add A Comment