راولپنڈی:وفاقی دارالحکومت میں جاری پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی کی انتظامیہ نے کل تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ڈپٹی کمشنر(ڈی سی) راولپنڈی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ امن و امان کے موجودہ حالات اور ضلعی انٹیلی جینس کمیٹی کی تجاویز کے پیش نظر راولپنڈی کی حدود میں قائم تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں 27 نومبر کو چھٹی ہوگی۔ڈی سی راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی جانب سے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔خیال رہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث مختلف راستے بند ہیں اور سیکیورٹی کے پیش نظر سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔اس سے قبل اسلام آباد اور راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے آج 26 نومبر تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔