راولپنڈی/ اسلام آباد:پی ٹی آئی کا احتجاج ختم ہونے کے بعد جڑواں شہروں میں معمولات زندگی بحال ہوگئے جبکہ راستے بھی کھل گئے، اسلام آباد پولیس نے ڈی چوک سے جناح ایونیو پر فلیگ مارچ کیا۔
حالات نارمل ہوتے ہی جیل سے ملزمان کی پیشی کے ساتھ عدالتوں میں مقدمات کی ریگولر سماعت شروع ہوجائے گی۔ ماتحت عدلیہ کے مطابق کل جمعرات 28 نومبر سے جو ملزمان حاضر نہیں ہوں گے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوں گے۔گزشتہ 6 روز سے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کی عدالتوں میں ملزمان پیش نہیں کیے جا رہے تھے۔ ملزمان کے جیل سے پیش نا ہونے سے جڑواں شہروں میں چھ دن میں 24 ہزار کیسوں کی سماعت نہیں ہو سکی۔حالات معمول پر آتے ہی کل جمعرات 28 نومبر سے اسکولز کھولنے کا اعلان کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق کل سے ضلع بھر کے تمام سرکاری و پرائیویٹ اسکولز کالجز کھلیں گے۔پرائیویٹ اسکولز کی تینوں تنظیموں نے بھی کل سے اسکولز کھولنے کا اعلان کر دیا۔ صدر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مطابق کل سے تمام اسکولز کھول رہے ہیں۔ صدر اپسما کا کہنا تھا کہ طلبہ و طالبات کے والدین کو وٹس ایپ میسجز کر دیے گئے ہیں۔سرکاری اسکولز کے دفاتر بھی کھل گئے، اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی آج سے ہی حاضری شروع ہوگئی۔
جمعے سے جاری امتحانات کا سلسلہ بھی شروع ہو جائے گا اور جمعرات سے ایجوکیشن بورڈ کے جاری پریکٹیکلز بھی معمول مطابق ہوں گے۔
ایم ون موٹروے اسلام آباد تا پشاور ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے جس کے بعد اسلام آباد سے پشاور کی گاڑیوں کی آمدورفت شروع ہوگئی۔موٹروے ایم 2 کو لاہور اسلام آباد، موٹروے ایم 11 کو لاہور سیالکوٹ، موٹروے ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں تا عبدالحکیم، موٹروے ایم 14 ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان اور موٹروے ایم 3 کو ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ترجمان موٹروے کے مطابق موٹروے ایم 3 فیض پور سے عبدالحکیم، موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان اور موٹروے ایم 5 ملتان سے سکھر کو بھی کھول دیا گیا۔موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی ویز اور تمام موٹرویز کو ٹریفک کے لیے کھول دیا، موٹرویز پر ٹریفک معمول کے مطابق ہے۔ جڑواں شہروں میں تمام بس اڈوں کو چار روز بعد کھول دیا گیا۔جڑواں شہروں میں بند رہنے والی میٹرو بس سروس صدر اسٹیشن تا پاک سیکریٹریٹ تک مکمل بحال ہوگئی۔احتجاج کے باعث میٹروبس سروس چار روزتک ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر بند کی گئی تھی جبکہ 28 نومبر تا یکم دسمبر تک میٹرو بس سروس راولپنڈی سیکشن پر ٹریک کی مرمت کے لیے بند رہے گی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آئی جے پی تا پاک سیکریٹریٹ اسٹیشن تک بحال رہے گئی۔