لاہور:پنجاب کے سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الحمدللہ نو مئی ’’ٹو‘‘ کے پلان کو ناکام بنایا گیا ہے۔اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ نو مئی والے دن کارکنوں کو آگے لگا کر فوجی تنصیبات پر حملہ کیا گیا اور 26 نومبر کو کرائے کے دہشت گردوں سے اسلحے کے ساتھ رینجرز اور پولیس اہلکار شہید کروائے۔انہوں نے کہا کہ ڈی چوک صرف رینجرز اور پولیس کی لاشیں لینے آئے تھے، 2014 میں بھی ڈی چوک قبریں کھودنے آئے تھے اور 2024 میں رینجرز اور پولیس کو شہید کر کے بھاگ گئے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کی شہادتوں کے ذمہ دار عمران خان، بشریٰ بی بی اور گنڈاپور ہیں۔ سر پہ جو کفن باندھ کے آنے کا نعرہ لگا کر آئے تھے پولیس اور رینجرز کو شہید کر کے بھاگ گئے، کوئی پاکستانی ایسا نہیں کر سکتا۔سینیئر صوبائی وزیر نے کہا کہ کرائے کے دہشت گرد اسلحہ لا کر ملک کو آگ لگا کر بلٹ پروف گاڑی میں بھاگ گئے، جو تین دن عوام نے دہشت گردی دیکھی وہ ہے پی ٹی آئی! یہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں ’’ہنڈرڈ کرمنلز‘‘ کا گروہ ہے۔ عمران خان کا انقلاب دم دبا کر بھاگ گیا۔