اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر بجا لاتے ہیں کہ شرانگیزی کی سازش بری طرح ناکام ہوئی، پرامن پاکستان اور پاکستانیوں کی جیت ہوئی ہے۔ڈی چوک سے خیبر پلازہ تک دورے کے موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ رینجرز کے افسروں اور جوانوں نے بہادری کے ساتھ مظاہرین کو پسپا کیا۔ پاک فوج، ایف سی، اسلام آباد، پنجاب اور سندھ پولیس کو جرات مندانہ کردار پر مبارک باد دیتا ہوں۔قبل ازیں، وزیر داخلہ نے ڈی چوک میں ڈیوٹی پر موجود قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں سے ملاقات کرکے جوانوں کی جواں مردی کی تعریف کی۔ انہوں نے ڈی چوک اور اسلام آباد کے علاقے کلیئر کرانے پر رینجرز، اسلام آباد، پنجاب و سندھ پولیس، ایف سی اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیر داخلہ نے شرپسندوں سے کلیئر کرائے گئے علاقوں کا جائزہ لیا اور سی ڈی اے کو صفائی کے لیے ہدایات دیں جبکہ سٹرکوں سے رکاوٹیں ہٹانے کی ہدایت بھی دیں۔محسن نقوی نے شرپسندوں کے حملوں سے عمارتوں اور دیگر تنصیبات کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی جائزہ لیا۔
واضح رہے کہ رات گئے مظاہرین کے خلاف آپریشن کے دوران پی ٹی آئی نے اسلام آباد احتجاج کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق بانی چیئرمین سے ملاقات اور کور کمیٹی کی میٹنگ کے بعد اگلا لائحہ عمل بتایا جائے گا۔ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پرامن مظاہرین پر اسلام آباد کی سڑکوں پر گولیوں کی بارش کی گئی اور سینکڑوں نہتّے پاکستانیوں کو زخمی کرکے خون میں نہلایا گیا۔