اسلام آباد:تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے عہدے سے استعفی دے دیا۔ نامزد سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے مسلسل تنقید کے بعد عہدے پر کام کرنے سے معذرت کرلی۔پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری کا عہدہ تاحال خالی ہے، دو ماہ اور اکیس دن گزر جانے کے باوجود بھی پی ٹی آئی کا نیا جنرل سیکرٹری تعینات نہ ہو سکا، عمر ایوب نے 7 ستمبر کو باضبطہ طور پر جنرل سیکرٹری کے عہدے سے استعفی دیا تھا۔سلمان اکرم راجہ کو بانی چئیرمین کی ہدایت کے بعد سیکرٹری جنرل لگانے کے لئے نامزد کیا گیا تھا، وہ انہیں تعینات نہیں کیا گیا تھا وہ تاحال نامزد تھے مگر آج انہوں ںے بھی استعفی دے دیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق احتجاج کے حوالے سے چند رہنمائوں کو سلمان اکرم راجہ پر تحفظات تھے، پی ٹی آئی رہنمائوں نے سلمان اکرم راجہ کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔دوسری جانب بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ یہ وقت نہیں ہے کہ آپ اپنی ذمہ داری چھوڑیں، لوگ تنقید کرتے رہیں گے لیکن آپ کام جاری رکھیں۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ سلمان اکرم راجہ کے استعفی کا معاملہ سیاسی کمیٹی میں رکھا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس چھ بجے پشاور میں منعقد ہوگا، پارٹی قیادت اجلاس میں براہ راست شرکت کرنے پشاور روانہ ہوگئی، اجلاس بیرسٹر گوہر کی زیر صدارت منعقد ہوگا، اجلاس میں گمشدہ کارکنان کے اہل خانہ کے لئے قائم شدہ ہاٹ لائن کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پارٹی رہنماؤں کی جانب سے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ اپنا موئقف بھی سیاسی کمیٹی کے سامنے رکھیں گے، سیاسی کمیٹی میں پی ٹی آئی کے مستقبل کے حوالے سے چند اہم فیصلے بھی ہوں گے۔واضح رہے کہ لاہور میں پی ٹی آئی احتجاج میں نقائص سامنے آنے اور مسلسل تنقید کے بعد سلمان اکرم راجہ نے استعفی دیا، سلمان اکرم راجہ کو لاہور سے قافلہ لے کر اسلام آباد جانے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، راستے بند ہونے کے بعد سلمان اکرم راجہ کی جانب سے لاہور میں ہی احتجاج کا پلان بنایا گیا تھا جب کہ سلمان اکرم راجہ لاہور میں بھی ورکرز کو نکالنے میں ناکام رہے تھے۔