اسلام آباد: (ما نیٹر نگ ڈیسک )وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت نہیں، یہ ایک فتنہ اور تخریب کار جتھہ ہے، ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔
امن و امان سے متعلق اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ تحریک انصاف نہیں، تخریب انصاف ہے، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، ایف آئی آرز کاٹی جائیں، کیفر کردار تک پہنچایا جائے، یقینی بنائیں آئندہ کبھی بھی ایسا نہ ہو۔شہباز شریف نے کہا کہ ان کو پاکستان تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، کیا پاکستان کو ہم نے اس جتھے کے حوالے کرنا ہے؟ خیبرپختونخوا سے سازشیں ہو رہی ہیں، انہیں معیشت کی کوئی پرواہ نہیں ہے، انہیں کوئی پرواہ نہیں کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ہاتھوں جکڑا ہوا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا ایک ہی ایجنڈا ہے ہر چیز کو تہہ و بالا کر دیا جائے، صوبائی حکومت کی پارا چنار کی طرف کوئی توجہ نہیں ہے، کرم میں خون ریزی بند کرانے کے بجائے انہوں نے اسلام آباد پر چڑھائی کر دی۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ یہ وفاق کے خلاف چوتھی لشکر کشی ہے، خیبر پختونخوا سے ایک جتھہ مکمل طور پر لیس ہو کر آیا تھا، مظاہرین نے گولیاں چلائیں، ان کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے سی پیک کی اربوں روپے کی سرمایہ کاری مخر ہوئی۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایس سی او کانفرنس کے دوران بھی انہوں نے چڑھائی کی، بیلا روس کے صدر کے دورے کے دوران انہوں نے احتجاج کا اعلان کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دنیا میں جس طرح رسوا کیا گیا اس کو بیان بھی نہیں کیا جاسکتا، جو تماشا لگایا گیا اس کی مثال نہیں ملتی، اس سے بڑی پاکستان کے ساتھ دشمنی کیا ہو سکتی ہے؟۔
Keep Reading
Add A Comment