لاہور:(ما نیٹر نگ ڈیسک )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے جیلانی پارک میں گل دادی اور پی ایچ اے کمرشل نرسری کا افتتاح کیا اور گل دادی کی مختلف اقسام کا مشاہدہ کیا۔
وزیر اعلی پنجاب نے خوبصورت آسٹریلین طوطے دیکھ کر اظہار مسرت کیا، اس موقع پر مریم نواز نے مختلف سٹال دیکھے جبکہ عوام کو کھانے پینے کی اشیا رعایتی نرخ پر مہیا کرنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے گل دادی کی مختلف رنگا رنگ اقسام میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے گل دادی سے بننے مختلف ماڈلز کا معائنہ کیا، مریم نواز نے گل دادی سے بنے اونٹ کے ماڈل اور پھولوں سے لدی بگھی کے سامنے تصویر بھی بنوائی۔وزیر اعلی نے سٹالز سے چائے بنوائی اور پودوں کا جائزہ لیتے ہوئے پیس للی اور ایئر پلانٹ کے پودوں میں دلچسپی کا اظہار کیا، انتظامیہ کی جانب سے انہیں زیتون کے مقامی پودے بھی دکھائے گئے جبکہ وزیر اعلی کوانار، بون سائیکے پودے کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔مریم نواز شریف اور دیگر مہمانوں نے الیکٹرک کارٹ میں سواری بھی کی، مریم نواز کا کہنا تھا کہ پھول امن اور محبت کی علامت ہیں، لاہور اور دیگر شہروں کے لوگ گل دادی کی نمائش دیکھنے ضرور آئیں۔اس موقع پر مریم نواز کو ڈی جی پی ایچ اے محمد طاہر وٹو نے گل دادی نمائش بارے بریفنگ دی، گل دادی کی نمائش جیلانی باغ لاہور میں 10 روز تک جاری رہے گی۔مریم نواز کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نمائش میں 200 کے قریب نایاب اور منفرد اقسام کے گل دادی کے رنگ برنگے پھول رکھے گئے ہیں، ہر شام کے اوقات میں برقی قمقوں سے سجی لائٹ شو بھی پیش کیا جائے گا۔وزیر اعلی پنجاب کو بریفنگ دی گئی کہ گل دادی کی نمائش کی تیاری کیلئے پی ایچ اے کی نرسریوں میں ایک سال تک نگہداشت کی جاتی ہے، اس پھول کی عمر 15 سے 20 دن ہوتی ہے جبکہ دسمبر کے پہلے ہفتے یہ نایاب پھول اپنے جوبن پر ہوتا ہے۔
Keep Reading
Add A Comment