نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان کے 12 کروڑ سے زائد عوام 8 فروری کو اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لئے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
منگل کو نگران وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پچھلے سال 17 اگست 2023ءکو نگران کابینہ کا حلف اٹھانے کے بعد اگلے روز اپنی پہلی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 218(3) کے تحت الیکشن کمیشن واحد آئینی ادارہ ہے جس نے آزادانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے ہیں اور نگران حکومت انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے پانچ ماہ کے عرصے کے دوران انتخابات کے حوالے سے بہت سی قیاس آرائیاں کی جاتی رہیں لیکن ان تمام قیاس آرائیوں کے باوجود 8 فروری کو انتخابات اپنے شیڈول کے مطابق ہو رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات پرامن ہوں گے اور اس کے لئے تمام انتظامات کئے جا رہے ہیں، انتخابات کے دوران مقامی و بین الاقوامی صحافیوں اور غیر ملکی مبصرین کی سہولت کے لئے گزشتہ روز وزارت اطلاعات نے ایک آن لائن میڈیا ہیلپ لائن بھی شروع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین کے دیباچے میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے اور انشاءاللہ 8 فروری کو پاکستان کے 12 کروڑ سے زائد عوام اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2008ءاور 2013ءکے انتخابات میں سکیورٹی صورتحال خراب تھی، 2008ءمیں بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد انتخابات میں ایک ماہ کی تاخیر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف طویل عرصے سے لڑ رہے ہیں اور ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے، چند واقعات پاکستانی عوام کو روک نہیں سکتے، ان شاءاللہ عوام 8 فروری کو اپنے نمائندوں کا انتخاب کرنے کے لئے باہر نکلیں گے اور اپنے ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں گے