نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نگران حکومت ملک میں شفاف انتخابات کے کامیاب انعقاد کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے، انتخابات 2024 کی شفافیت کیلئے بین الاقوامی مبصرین کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے دولتِ مشترکہ کے مبصر گروپ کے سربراہ ڈاکٹر گُڈلَک ایبیلے جانتھن سےان کے وفد کے ہمراہ ملاقات کے دوران کیا۔ وزیرِ اعظم نے وفد کی انتخابات 2024 کے حوالے سے پاکستان آمد کا خیر مقدم کیا۔ وزیرِ اعظم نے دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کی پاکستان اور دولتِ مشترکہ کے تعلقات میں مضبوطی کیلئے اقدامات کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ انتخابات 2024 کی شفافیت کیلئے بین الاقوامی مبصرین کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں، حکومت بین الاقوامی مبصرین کو انتخابات 2024 کے جائزے کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت ملک میں شفاف انتخابات کے کامیاب انعقاد کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے، نگران حکومت ہر جماعت کو اپنی انتخابی مہم کیلئے موزوں ماحول فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت یقینی بنا رہی ہے کہ الیکشن کمیشن کو شفاف انتخابات کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام سہولیات فراہم کی جائیں، انتخابات 2024 میں یہ فیصلہ عوام کریں گے کہ پاکستان کی قیادت کس جماعت کے حوالے کرنی ہے۔
وفد نے سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ کی جانب سے وزیرِ اعظم کو خیر سگالی کا پیغام دیا۔ وفد نے انتخابات 2024 کے شفاف انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا