مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی جانب سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو خط لکھنے کی مذمت کردی۔
ن لیگ نے آئی ایم ایف کے نام پی ٹی آئی کے خط کو افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیا۔ اس حوالے سے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی کا سیاسی فوائد کے لیے ملک کے معاشی مفاد کے خلاف قدم اٹھانا افسوس ناک ہوگا۔
ان کا کہناتھاکہ تحریک انصاف کے خط کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی، اس خط کے باوجود پاکستان اور آئی ایم ایف کی ڈیل ہوجائے گی۔
پیپلزپارٹی نائب صدر سینیٹرشیری رحمان نے بھی بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کوخط کی مذمت کی۔ان کا کہنا تھاکہ اپنے دور میں ریکارڈ قرضہ لینے والوں کواب یاد آیا کہ قرضہ واپس کون کرے گا؟ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کوملکی معاملات میں مداخلت کی دعوت دینا ملک دشمنی نہیں تواور کیاہے؟ پی ٹی آئی قیادت ابھی تک اپنی غلطیوں سے نہیں سیکھی۔
خیال رہے کہ عمران خان نے آئی ایم ایف کو خط لکھے جانے کی تصدیق کی ہے اور اڈیالا جیل کے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا ہے، آج خط چلا گیا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسے حالات میں ملک کو قرضہ ملا تو قرضے کو واپس کون کرے گا، اس قرض سے غربت بڑھے گی، جب تک سرمایہ کاری نہ ہو قرض بڑھتا چلا جائے گا۔