انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ میں ویسٹ ہیم یونائیٹڈکی ٹیم نے برینٹ فورڈ کو2-4 سے ہرا دیا۔ یہ ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کی ای پی ایل میں 11 ویں فتح ہے۔
ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کے جیروڈ بوون نے تین اور ایمرسن پالمیری نے ایک گول سکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ برینٹ فورڈ کی طرف سے نیل موپے اور یونے ویسا نے ایک ایک گول سکور کیا۔ انگلش پریمیئر لیگ کے 32 ویں سیزن کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ میں جاری ہے۔ لندن سٹیڈیم ،لندن میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ ہیم یونائیٹڈ اور برینٹ فورڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی برینٹ فورڈ کی ٹیم پر حاوی ہوگئی ، ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کے جیروڈ بوون نے پانچویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو برینٹ فورڈ کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلا دی، جس کے دو منٹ بعد ہی جیروڈ بوون نے ایک اور گول کر کے مقابلہ 0-2 کر دیا۔
برینٹ فورڈ کے نیل موپے نے میچ کے 13 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 1-2 کر دیا۔ جو میچ کے پہلے ہاف تک برقرار رہا۔ یوں میچ کے پہلے ہاف پر ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کو برینٹ فورڈ کے خلاف 1-2 گول کی برتری حاصل تھی۔ پہلے ہاف کے بعد ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کے جیروڈ بوون نے 63 ویں منٹ میں اپنا تیسرا گول کر کے نہ صرف اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ مقابلہ 1-3 کر دیا۔ ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کے ایمرسن پالمیری نے 69 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 1-4 کر دیا۔
برینٹ فورڈ کے یونے ویسا نے میچ کے 82منٹ میں ایک گول کر کے ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کی برتری کو کم کرتے ہوئے مقابلہ 2-4 کر دیا تاہم اس کے بعد کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور یوں اس میچ میں ویسٹ ہیم یونائیٹڈ نے برینٹ فورڈ کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے ہرا دیا۔ ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کے جیروڈ بوون نے ہیٹ ٹرک کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کی لیگ میں 11 ویں فتح ہے اور وہ ای پی ایل پوائنٹس ٹیبل پر 39 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں پوزیشن پر موجود ہے۔\